پاکستان کے ابھرتے ہوئے سکواش اسٹار نور زمان نے بین الاقوامی سکواش میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں کیریئر کی بہترین 37ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
نور زمان نے گزشتہ چند ماہ کے دوران متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کی PSA ورلڈ رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی۔
انہوں نے 3 اکتوبر کو شارلٹسویل اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ 5 اکتوبر کو اوپن سکواش کلاسک کے کوارٹر فائنل تک پہنچے۔
نور زمان کا یہ سیزن انتہائی مصروف اور کامیاب رہا۔ ستمبر میں انہوں نے کینیڈا میں نیش کپ جیت کر سیزن کا فاتحانہ آغاز کیا، جبکہ چار عالمی مقابلوں میں اپنی فٹنس اور مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
یہ درجہ بندی نور زمان کے کیریئر میں اب تک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ اپریل 2025 میں انہوں نے انڈر-23 ورلڈ سکواش چیمپئن شپ جیت کر دنیا بھر میں اپنی پہچان بنائی تھی، جس کے بعد ان کی بین الاقوامی کارکردگی میں مسلسل نکھار آیا ہے۔
سکواش ماہرین کے مطابق نور زمان کا کھیل تیزی سے نکھر رہا ہے اور اگر وہ یہی فارم برقرار رکھتے ہیں تو آئندہ چند ماہ میں وہ عالمی رینکنگ کے ٹاپ 30 میں شامل ہو سکتے ہیں۔