برسلز — یورپی یونین نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کیلئے انسانی ہمدردی کی امداد میں دوگنا اضافہ کرے گی اور زخمیوں کے انخلا میں معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
بحیرۂ روم کے خطے کی امور کی یورپی کمشنر دوبرافکا سوئسکا نے اپنے بیان میں کہا کہ یورپی یونین غزہ میں ملبہ ہٹانے، تلاش اور صفائی کے آپریشنز میں حصہ لینے کیلئے اپنی خدمات پیش کر رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اقوامِ متحدہ غزہ میں امدادی کارروائیوں، بحالی اور تعمیرِ نو کے عمل میں مرکزی کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ یورپی یونین ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔
دوبرافکا سوئسکا نے مزید کہا کہ اگر خطے میں حقیقی سیاسی عمل شروع کیا جاتا ہے تو یورپی یونین غزہ میں اسلحے کے خاتمے کے عمل میں بھی حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔
یورپی کمشنر کے مطابق، یونین کے نزدیک فلسطینی اتھارٹی کا کردار غزہ کے حال اور مستقبل دونوں میں ناگزیر ہے۔
دوسری جانب اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی زیادہ تر آبادی کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ نصف سے زائد طبی مراکز ایندھن کی کمی اور جنگ سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی تباہی کے باعث تاحال بند ہیں۔