پاکستان کے اسپنر نعمان علی نے آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے پر پاکستان کو کامیابی دلانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔
نعمان علی نے ساؤتھ افریقہ کے خلاف میچ میں پہلی اننگز میں 6 اور دوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں، نعمان علی 853 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 850 پوائنٹس عبور کرنے والے ساتویں پاکستانی بولر بن گئے۔ یاسر شاہ کے بعد 2016 کے بعد پہلی بار کسی پاکستانی اسپنر نے 850 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی تین درجے ترقی پا کر ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں 19ویں نمبر پر آگئے، محمد رضوان 4 درجے ترقی کے ساتھ 16ویں، بابر اعظم 2 درجے بہتری کے بعد 22ویں نمبر پر موجود ہے۔ سلمان آغا 8 درجے ترقی پا کر 30ویں، امام الحق 44ویں پوزیشن پر آگئے۔
ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ ٹاپ 10 بولرز میں آگئے، بھارت کے محمد سراج 16ویں اور کے ایل راہول ایک درجہ بہتری کے ساتھ 14ویں پوزیشن پر آگئے۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں انگلینڈ کے فل سالٹ کی دوسری پوزیشن برقرار، ہیری بروک 20ویں پوزیشن پر پہنچ گئے، عادل رشید تین درجے بہتری کے ساتھ بولرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے۔