واشنگٹن/سیول — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے دورۂ جنوبی کوریا کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔ تاہم، امریکی انتظامیہ کے مطابق یہ ملاقات صدر کے سرکاری شیڈول کا حصہ نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ ملائیشیا کے دورے پر روانہ ہو چکے ہیں، جہاں وہ آسیان رہنماؤں کے 47ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا "میں کم جونگ اُن سے اچھی طرح واقف ہوں، اور ہمارے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں۔ اگر موقع ملا تو ملاقات ضرور کرنا چاہوں گا۔”
وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر عہدیدار نے وضاحت کی کہ شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات صدر ٹرمپ کے دورۂ جنوبی کوریا کے مصروف شیڈول میں شامل نہیں۔
صدر ٹرمپ کے ایشیائی دورے کے دوران وہ چین، جاپان اور جنوبی کوریا سمیت کئی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق وہ چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ایپک اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے، جہاں تجارتی تعلقات اور خطے کی سکیورٹی پر بات چیت متوقع ہے۔
دوسری جانب ملائیشیا میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور تجارتی نمائندہ جیمیسن گریئر کی قیادت میں امریکی وفد اور چینی نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کی سربراہی میں چینی وفد کے درمیان تجارتی مذاکرات بھی جاری ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے کم جونگ اُن سے ملاقات کی خواہش کوریائی جزیرہ نما میں تناؤ کم کرنے کے اشارے کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، تاہم واشنگٹن کے اندر اس پر مخلوط ردعمل پایا جاتا ہے۔
