پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر پانچ سال کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئے جس کے بعد تین ماہ کی درآمدات کے برابر ڈالر ذخیر ہو گیا ہے، مجموعی ذخائر 23 ارب 72 کروڑ ڈالر ہوگئے۔
سٹیٹ بینک نے زرمبادلہ ذخائر کا ہفتہ وار ڈیٹا جاری کردیا، جس کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران سوا ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ حکومت کو کمرشل قرضے ملنے کے باعث ہوا۔
پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 23 ارب 72 کروڑ ڈالر ہوگئے، اس سے قبل 2021 میں ملکی زرمبادلہ ذخائر 24 ارب ڈالر کی سطح پر تھے۔
سٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر کی مالیت 18 ارب 33 کروڑ ڈالر ہوگئی، جبکہ بینکوں کے پاس موجود فارن کرنسی ذخائر 5 ارب 39 کروڑ ڈالر ہیں۔
آئی ایم ایف کی شرط کے تحت پاکستان کے پاس کم از کم تین ماہ کی درآمدات کے برابر زرمبادلہ ذخائر ہونا ضروری ہے۔
