راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا جہاں عبوری سربراہ محمد یونس سمیت سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات کی، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد نظم الحسن اور فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل حسن محمود خان سے بھی ملاقاتیں کیں۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پی ایس او لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن سے بھی ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بنگلہ دیش کی عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کو دہرایا، انہوں نے خود مختاری اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

