اسلام آباد: پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (PBSA) نے آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ 2025 (مرد) کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ مقابلے 3 سے 13 نومبر تک دوحہ، قطر میں منعقد ہوں گے۔
ایسوسی ایشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:
-
شاہد آفتاب (کوالیفائنگ راؤنڈ – آخری 64)
-
محمد سجاد (کوالیفائنگ راؤنڈ – آخری 64)
-
اسجد اقبال (براہ راست کوالیفائر)
-
محمد آصف (براہ راست کوالیفائر)
-
محمد حسنین اختر (براہ راست کوالیفائر)
ایونٹ کے آفیشلز میں نوید کباڈیا بطور ڈیلگیٹ اور آفیشیٹنگ ریفری شامل ہوں گے۔
بیان کے مطابق، محمد آصف دفاعی چیمپئن ہونے کے ناتے براہِ راست آخری 48 میں کوالیفائی کر چکے ہیں، جبکہ اسجد اقبال نے گزشتہ سال آخری 16 ناک آؤٹ مرحلے میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر براہِ راست کوالیفکیشن حاصل کی۔
اسی طرح محمد حسنین اختر نے بطور ورلڈ انڈر-17 چیمپئن 2025 آخری 48 میں جگہ بنائی ہے۔
قومی کھلاڑیوں کا پریکٹس و تربیتی کیمپ اس وقت جہانگیر خان اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری ہے، جہاں وہ روزانہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک بھرپور مشق کر رہے ہیں تاکہ عالمی ایونٹ کے لیے بہترین تیاری کی جا سکے۔
پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی ہے کہ قومی کھلاڑی ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھا کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

