میکسیکو سٹی — میکسیکو شہر کے میئر کارلوس مانزو کو ایک مقامی فیسٹیول میں شرکت کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق، 40 سالہ کارلوس مانزو نے محض ایک ہفتہ قبل ہی میئر کے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔
وہ ریاست میچوکان کے مرکزی حصے میں ایک مقامی ثقافتی تقریب — “ڈے آف دی ڈیڈ” (Day of the Dead) — میں شرکت کر رہے تھے جب انہیں درجنوں افراد کی موجودگی میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
میکسیکن پبلک سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق، فائرنگ کے واقعے کے بعد دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ تیسرا حملہ آور گرفتاری سے بچنے کے لیے خودکشی کر گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں ابتدائی طور پر سیاسی محرکات کو بھی خارج نہیں کیا جا سکتا۔
مقتول میئر کارلوس مانزو وفاقی حکومت کے سخت ناقدین میں شمار کیے جاتے تھے۔
ان کی سیاسی وابستگی اور حکومت مخالف مؤقف کے باعث انہیں ماضی میں دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔
میکسیکو میں گزشتہ چند ماہ کے دوران پرتشدد جرائم اور سیاسی قتل کے واقعات میں خطرناک اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، اسی سال مئی میں میکسیکو سٹی کے مرکزی علاقے میں میئر کلارا بروگاڈا کے پرسنل سیکرٹری اور مشیر کو بھی فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

