نیویارک: خالصتانی سکھوں کی تنظیم “سکھ فار جسٹس” (SFJ) نے اعلان کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان پر جارحیت کی تو خالصتانی سکھ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور اس کے دفاع میں کردار ادا کریں گے۔
خالصتانی تنظیم نے گرو نانک دیو جی کے یومِ پیدائش پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ“بھارت نے اگر حملہ کیا تو خالصتانی سکھ پاکستان کے عوام اور اس کی خودمختاری کا دفاع کریں گے۔”
تنظیم کے مطابق، گرو نانک دیو جی سچائی، انصاف اور انسانی وقار کے علَم بردار تھے، اور ان کی تعلیمات مزاحمت اور حق کے دفاع کا پیغام دیتی ہیں۔
“سکھ فار جسٹس” کے بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحانہ کارروائی کی صورت میں خالصتانی سکھ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
تنظیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے میں امن، انصاف اور آزادی کے اصولوں کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب سال کے آغاز میں “سکھ فار جسٹس” کے رہنما گرپتونت سنگھ پنّون نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے نام ایک خط لکھا تھا۔
خط میں کہا گیا تھا کہ “پاکستان کا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونا عالمی امن، انصاف اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں سے وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔”
گرپتونت سنگھ نے پاکستان کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ “پاکستان کو سکھ برادری کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت پر غور کرنا چاہیے۔”
خالصتانی تنظیم “سکھ فار جسٹس” بھارت سے پنجاب کی علیحدگی اور خالصتان کے قیام کی حامی ہے۔ تنظیم نے حالیہ مہینوں میں بھارتی فوج کے اندر مبینہ بغاوت کے حوالے سے ایک سکھ فوجی اہلکار کا آڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا، جس میں بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔

