بولیویا کی سپریم کورٹ نے سابق عبوری صدر جینین اینیز کی سزا کالعدم قرار دے دی

0

بولیویا – بولیویا کی سپریم کورٹ نے سابق عبوری صدر جینین اینیز کی 10 سال قید کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا حکم دے دیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق اینیز کو سابق صدر ایوو مورالیس کی حکومت گرانے کی مبینہ سازش کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی، تاہم مقدمے کے دوران قانونی طریقہ کار کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آنے کے بعد سزا منسوخ کر دی گئی۔

سپریم کورٹ کے جج رومر ساؤسیڈو نے اپنے فیصلے میں کہا “جینین اینیز چار سال سے زیادہ عرصے سے قید میں ہیں۔ مقدمے کے دوران کارروائی میں طریقہ کار کی خلاف ورزیاں ہوئیں، لہٰذا سزا کالعدم کی جاتی ہے اور ان کی رہائی کا حکم دیا جاتا ہے۔”

جج نے مزید کہا کہ اینیز کا مقدمہ عام فوجداری عدالت کے بجائے قانون سازوں کے سرکاری فرائض سے متعلق خصوصی عدالت میں چلایا جانا چاہیے تھا۔

جینین اینیز ایک قدامت پسند سینیٹر تھیں جنہوں نے 2019 میں عبوری صدر کا عہدہ سنبھالا، اس وقت ایوو مورالیس نے متنازع چوتھے صدارتی انتخاب میں دھاندلی کے الزامات اور عوامی احتجاج کے بعد ملک چھوڑ دیا تھا۔

مورالیس نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف فوجی بغاوت کی گئی، جبکہ فوج نے انہیں عوامی دباؤ کے تحت استعفیٰ دینے کا مشورہ دیا تھا۔

اینیز کی عبوری حکومت کے دوران پرتشدد مظاہروں پر کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور 833 زخمی ہوئے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ان واقعات میں ریاستی طاقت کے غیر متناسب استعمال کے شواہد ملے تھے۔

جینین اینیز کو 2021 میں گرفتار کیا گیا، جب مورالیس کی جماعت "موومنٹ فار سوشلسٹ” دوبارہ اقتدار میں آئی۔انہیں 2022 میں صدارت غیر قانونی طور پر سنبھالنے کے الزام میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

عدالتی فیصلے کے بعد جینین اینیز نے اگرچہ کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم سوشل میڈیا پر لکھا “میں کبھی پچھتاؤں گی نہیں کہ میں نے اپنے ملک کی خدمت کی جب اسے میری ضرورت تھی۔

میں نے یہ کام صاف ضمیر اور مضبوط دل کے ساتھ کیا، جانتے ہوئے کہ مشکل فیصلوں کی ایک قیمت ہوتی ہے۔”

سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب بولیویا کے عوام نے سینٹر رائٹ کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار روڈریگو پاز کو نیا صدر منتخب کیا ہے۔
اس نتیجے کے ساتھ سوشلسٹ پارٹی کے تقریباً 20 سالہ دورِ حکومت کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.