جرمنی میں کم از کم اجرت میں تاریخی اضافہ — فی گھنٹہ اجرت 14.60 یورو مقرر
جرمنی کی حکومت نے ملک بھر میں کم از کم فی گھنٹہ اجرت میں تاریخی اضافہ کرتے ہوئے اسے 14.60 یورو تک بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ ایک دہائی قبل کم از کم اجرت کا قانون متعارف کرائے جانے کے بعد اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
جرمن وزیر محنت بیربل باس نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے یہ فیصلہ ملکی مزدوروں کی معاشی بہتری کے لیے کیا ہے۔
فی الحال کم از کم اجرت 12.82 یورو فی گھنٹہ ہے، جسے
-
یکم جنوری 2026ء سے بڑھا کر 13.90 یورو
-
اور یکم جنوری 2027ء سے مزید بڑھا کر 14.60 یورو فی گھنٹہ کر دیا جائے گا۔
بیربل باس کے مطابق یہ اضافہ دو مراحل میں اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ آجرین کو اپنے اخراجات کو مناسب انداز میں تقسیم کرنے کا موقع مل سکے۔
جرمن وزارتِ روزگار کے مطابق، اجرتوں میں اس اضافے سے تقریباً چھ ملین کارکن براہِ راست مستفید ہوں گے۔
یہ قدم کم آمدنی والے ملازمین کے لیے زندگی کے معیار میں بہتری اور معاشی انصاف کی سمت اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ اضافہ ایک غیر جانبدار کمیشن (Minimum Wage Commission) کی سفارش پر کیا گیا ہے، جو ماہرینِ اقتصادیات، ٹریڈ یونین رہنماؤں اور آجر و کارکن نمائندوں پر مشتمل ہے۔
کمیشن نے اپنی تازہ تجاویز جون 2025ء میں پیش کی تھیں، جنہیں اب وفاقی کابینہ نے باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے۔
برلن میں چانسلر فریڈرش میرس کی قیادت میں قائم مخلوط حکومت سی ڈی یو، سی ایس یو اور ایس پی ڈی پر مشتمل ہے۔
وفاقی وزیر محنت بیربل باس کا کہنا تھا کہ “یہ اضافہ نہ صرف انصاف کی طرف ایک بڑا قدم ہے بلکہ اُن کارکنوں کی محنت کا اعتراف بھی ہے جو ہر روز ہماری معیشت کو متحرک رکھتے ہیں۔”