کولمبو — پاکستان کی بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی بیٹر مہرین علی نے 230 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر بلائنڈ ویمنز کرکٹ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ سری لنکا کے خلاف میچ میں ان کی دھواں دار بیٹنگ نے پاکستان کو شاندار کامیابی دلوائی۔
کولمبو میں جاری ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 331 رنز اسکور کیے۔ مہرین علی نے صرف 78 گیندوں پر 230 رنز بنا کر نئی تاریخ رقم کی، جو بلائنڈ ویمنز کرکٹ میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم 120 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے میچ 221 رنز سے اپنے نام کیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے نور فاطمہ، حوریہ ملک اور سمیرا ملک نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ریکارڈ ساز اننگز کے بعد مہرین علی کا کہنا تھا کہ وہ اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنی اننگز کو پاکستان، والدین اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے نام کیا جنہوں نے اُن پر اعتماد کیا۔

