اقوام متحدہ — اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن پر 2014 سے نافذ پابندیوں کے دائرہ کار کو مزید ایک سال کے لیے بڑھا دیا ہے، جس کی پاکستان نے بھرپور حمایت کی۔ نئی توسیع کے بعد پابندیاں 14 نومبر 2026 تک نافذ رہیں گی۔
برطانیہ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو سلامتی کونسل کے 15 میں سے 13 ارکان نے حق میں ووٹ دیا جبکہ چین اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد کے مطابق 2140 یمن پابندیوں کمیٹی کے تحت کام کرنے والے ماہرین کے پینل کا مینڈیٹ بھی بڑھا کر 15 دسمبر 2026 تک کر دیا گیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے ناظم الامور گل قیصر سروانی نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ:
-
یمن کے استحکام کے لیے ذمہ دار عناصر کا احتساب ضروری ہے۔
-
پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی اور سرحدی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
-
یمن کے تمام فریقین کو اقوام متحدہ کی سرپرستی میں تعمیری مذاکرات کرنے چاہئیں تاکہ پائیدار سیاسی حل سامنے آ سکے۔
پاکستانی مندوب نے حوثی گروپ کی جانب سے اقوام متحدہ کے اہلکاروں، انسانی ہمدردی کے کارکنوں اور سفارتی عملے کی حراست کی شدید مذمت کی اور ان کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن میں امن، استحکام اور انسانی بحران میں کمی کے لیے اقوام متحدہ کی تمام کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

