راولپنڈی – پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری ون ڈے آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کو سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔
پاکستان نے سیریز کا پہلا میچ 6 رنز سے جیتا تھا، جب کہ دوسرے میچ میں بابر اعظم کی شاندار ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت 8 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی تھی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ نے تیسرے میچ سے قبل ہفتے کے روز پریکٹس کے بجائے آرام کو ترجیح دی۔
دوسری جانب 18 نومبر سے شروع ہونے والی ٹرائی نیشن ٹی 20 سیریز کی تیاریوں کے لیے پاکستان اور سری لنکا کے ٹی 20 اسکواڈز نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔

