تھالسری – بھارت کے علاقہ کیرالہ میں بچوں کے تحفظ سے متعلق خصوصی عدالت نے ایک اسکول ٹیچر اور مقامی بی جے پی رہنما پدمراجن کو POCSO ایکٹ کے تحت کم سن طالبہ سے جنسی استحصال کے جرم میں قصوروار قرار دیتے ہوئے فطری موت تک عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
خصوصی عدالت کی جج ایم ٹی جلجا رانی نے فیصلے میں کہا کہ شواہد کے مطابق ملزم پر عائد الزامات ثابت ہوگئے ہیں۔ عدالت نے پدمراجن کو دو مختلف دفعات کے تحت 20، 20 سال قید کی سزا سنائی جو یکجا ہو کر عمر قید میں تبدیل ہوتی ہے۔ فیصلے کے مطابق ملزم اپنی پوری بقیہ زندگی جیل میں گزارے گا۔
عدالت نے ملزم پر دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جبکہ ایک لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر ایک سال اضافی قید کا حکم دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ مارچ 2020 میں اُس وقت سامنے آیا جب متعلقہ اداروں نے ایک کم سن طالبہ سے زیادتی کے شبہے پر کارروائی کی۔ تحقیقات کے بعد اپریل 2020 میں ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا۔ متاثرہ کی شناخت پالیسی کے مطابق ظاہر نہیں کی گئی۔
عدالت کے فیصلے کے بعد قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بچوں کے تحفظ کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ایک اہم مثال ہے۔

