نئی دہلی – بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (CDS) جنرل انیل چوہان نے ملکی دفاعی صنعت کی کارکردگی اور دعوؤں پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں شرکت کرنے والی کمپنیوں کو منافع سے زیادہ قومیت اور حب الوطنی کو ترجیح دینا ہوگی۔
ایک اعلیٰ سطحی تقریب سے خطاب میں جنرل چوہان کا کہنا تھا کہ “ہم آپ کی منافع کمانے کی کوششوں میں کچھ قومیت اور حب الوطنی کی بھی توقع رکھتے ہیں۔”
بھارتی سی ڈی ایس نے دفاعی ٹھیکوں میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کئی کمپنیاں معاہدے تو حاصل کر لیتی ہیں مگر وقت پر ڈیلیوری نہیں کرتیں، جو بھارت کی دفاعی تیاری کے لیے نقصان دہ ہے۔
ان کے مطابق “آپ معاہدہ کر کے وقت پر ڈیلیور نہ کریں تو یہ ہماری صنعتی صلاحیت کی شکست ہے۔”
جنرل چوہان نے بھارتی دفاعی کمپنیوں کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا کہ ان کی مصنوعات 70 فیصد مقامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں یہ دعویٰ اکثر مبالغہ آرائی پر مبنی ہوتا ہے۔
سی ڈی ایس نے واضح کیا کہ دفاعی پیداوار براہِ راست قومی سلامتی کا معاملہ ہے، اس لیے صنعت کو اپنی صلاحیت کے بارے میں شفاف اور سچّا ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اگر دفاعی خود انحصاری کا ہدف حاصل کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے کمپنیوں کو کارکردگی، درست رپورٹنگ اور محب الوطنی ثابت کرنا ہوگی۔

