مدینہ منورہ کے قریب عمرہ زائرین کی بس کو آگ لگ گئی، 42 افراد جاں بحق
مدینہ منورہ کے قریب پیش آنے والے ایک دل خراش حادثے میں عمرہ زائرین سے بھری بس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 42 افراد جاں بحق ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 20 خواتین اور 11 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ صرف ایک مسافر زندہ بچ پایا۔
اطلاعات کے مطابق بس میں سوار تمام زائرین کا تعلق بھارت کے شہر حیدرآباد سے تھا۔ یہ بس مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جا رہی تھی کہ راستے میں اچانک سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ چند ہی لمحوں میں دونوں گاڑیاں شعلوں میں گھر گئیں، اور فائر بریگیڈ کے پہنچنے تک آگ نے پوری بس کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے حادثے کے مناظر کو نہایت ہولناک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ بس مکمل طور پر جل چکی تھی، جس کے باعث جاں بحق افراد کی شناخت انتہائی مشکل مرحلہ بن چکی ہے۔ حکام کے مطابق جائے حادثہ پر کولنگ اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل کئی گھنٹے جاری رہا۔
سعودی حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور میتوں کی حوالگی کے لیے متعلقہ ادارے متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہیں۔ یہ حادثہ حالیہ برسوں میں عمرہ زائرین کے ساتھ پیش آنے والے بدترین واقعات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔