پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مئی میں ہونے والی شکست کو بھارت ابھی تک ہضم نہیں کرپارہا، اب تو مودی ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سُن کر چھپ جاتا ہے۔
گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک سال کے دوران بڑی کامیابی یہ ہے کہ فوج اور قوم نے بھارت کو جنگ کے میدان میں شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ جنگ میں فتح پورے پاکستان کی جیت ہے، اس کے بعد دنیا بھر میں قبولیت ملی، جنگ میں جیت گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کے بغیر ممکن نہیں تھی کیونکہ پاکستان انہی قربانیوں کی وجہ سے ایٹمی قوت بنا۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی وجہ سے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی ملی، جس سے ملک کا دفاع ممکن ہوا ہے، صدر زرداری نے چین سے وہ ہوائی جہاز منگوائے جنہوں نے بھارت کے 6 جہاز گرا کر کامیابی حاصل کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک چین دوستی کی بنیاد قائد عوام نے رکھی، بے نظیر آگے لے کر چلیں، زرداری نے سی پیک کی بنیاد رکھ کر اس کو دوام بخشا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ بھارت اب تک اپنی شکست ہضم نہیں کرسکا، فیلڈ مارشل کا نام سُن کر مودی چھپ جاتا ہے اور شکست کے بعد تو مودی کسی بھی عالمی فورمز پر نہیں جارہا جبکہ ماضی میں وہ ان پلیٹ فارمز پر جاکر پاکستان کو بدنام کرتا تھا، یہ ہمارے افواج اور عوام کی بڑی کامیابی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں اندرونی مسائل، معاشی، دہشت گردی، سیاسی بحران ہے، ان بحرانوں کا مقابلہ کر کے عوام کو مسائل سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم منظور ہوئی
عوام کے اعتراض اور شکایات تھیں، جس میں اٹھارہویں ترمیم کو ختم کرنے کی تجویز سامنے آئی، جس کے تحت صوبے کے حقوق اور این ایف سی کی متنازع تجاویز آپ نے نہیں مانیں، یہ پیپلزپارٹی کی بڑی کامیابی ہے
ترامیم کی دیگر تجاویز سے پاکستان کو فائدہ ہوا، یہ عوام اور پیپلزپارٹی کی کامیابی ہے، ہم نے صوبوں کے حقوق، این ایف سی کا آئینی تحفظ بھی کیا اور بے نظیر بھٹو کا نامکمل مشن آئینی عدالت بھی مکمل ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئینی عدالت کا مطالبہ بارہا کرتے آرہے تھے، جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہو، وفاق کا معاشی مسئلہ ہمارا مسئلہ ہے، اختیارات چھیننے کے بجائے وفاق صوبوں کو مزید ذمہ داریاں دے، ٹیکس کی ذمہ داریاں صوبائی حکومت کو دی جائیں، معاشی بحران کو دور کردیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہیپکو، سیپکو کا بوجھ صوبوں کو دیں، ہم وفاق سے بہتر پرفارم کریں گے اور عوام کی شکایات بھی دور ہوجائیں گی، پیپلزپارٹی وفاق کے ساتھ ملکر مسائل کا حل نکالے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی میں کمی کے حکومتی دعوے کو نہیں مانتے اور معاشی ترقی کے ثمرات کا سوال کرتے ہیں، حکومت بہتری لائی مگر عام آدمی معاشی بحران کا سامنا کررہا ہے، عوام کی قوت خرید نہیں، پیسہ نہیں ہے جبکہ اخراجات زیادہ ہیں، یہ عوامی بحران ہیں جن سے پیپلزپارٹی عوام کو مشکلات سے نکال سکتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے عوام کی سہولت کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آج بھی یہ پروگرام عوام کیلیے سہارا ہے، مالی مدد کی جارہی ہے، سندھ حکومت نے سیلاب کے بعد تاریخی کام شروع کیا اور بے گھر افراد کیلیے 20 لاکھ پکے گھر بنارہے ہیں اور اس کی ملکیت بھی خواتین کو دے رہے ہیں