کرپشن اور منی لانڈرنگ الزامات کی شفاف تحقیقات کیلئے ملیشین آرمی چیف حافظ الدین جنتن کو جبری رخصت پر بھیج دیاگیا
کوالالمپور — ملائیشیا کی وزارت دفاع نے آرمی چیف جنرل تن سری محمد حافظ الدین جنتن کو فوری طور پر رخصت پر بھیج دیا ہے تاکہ ان پر عائد کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی شفاف تحقیقات کی جا سکیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ مقامی سماجی کارکن بدر الحشام شہران المعروف چیگو برد کی جانب سے مسلح افواج کے ایک سینئر افسر پر منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کرنے کے بعد سامنے آیا۔
ملائیشین اینٹی کرپشن کمیشن (MACC) کے سربراہ تن سری اعظم باقی نے تصدیق کی کہ ایکٹ 2009 کی دفعہ 17(a) کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی جائزے کے دوران 2023 سے 2025 کے درمیان 5 لاکھ رنگٹ سے زائد مالیت کے 158 منصوبے اور اس حد سے کم مالیت کے 4,521 منصوبے سامنے آئے، جن میں کچھ کمپنیوں کے بار بار اعلیٰ مالیت کے ٹھیکے حاصل کرنے پر خدشات ظاہر کیے گئے۔
وزارت دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کو رخصت پر بھیجنے کا اقدام مفادات کے ٹکراؤ سے بچاؤ اور تحقیقات کے مؤثر اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اسی دوران، جنرل تن سری محمد نظام جعفر کی لازمی ریٹائرمنٹ کے بعد نیوی کمانڈر ایڈمرل تن سری ذوالحلمی اثنین کو فوری طور پر ملائیشین مسلح افواج کا قائم مقام سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وزارت دفاع نے جنرل محمد نظام جعفر کی خدمات اور قیادت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے ریٹائرمنٹ کے معاملات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔