حماس کے اعلیٰ کمانڈرز اور ترجمان ابو عبیدہ شہید، القسام بریگیڈز کی تصدیق

حماس کے اعلیٰ کمانڈرز اور ترجمان ابو عبیدہ شہید، القسام بریگیڈز کی تصدیق

غزہ — فلسطین کی سب سے بڑی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے متعدد اعلیٰ کمانڈرز اور ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق القسام بریگیڈز نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ابو عبیدہ (اصل نام حذیفہ الکحلوت)، حماس کے سربراہ محمد سنوار، رفح بریگیڈ کے کمانڈر محمد شعبانہ، حکم العیسیٰ اور رائد سعد مختلف مقامات اور اوقات میں اسرائیلی فوج کی بمباری اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران شہید ہوئے۔

ابو عبیدہ کون تھے؟

ابو عبیدہ کئی برسوں تک القسام بریگیڈز کے ترجمان کے طور پر جانے جاتے تھے اور غزہ میں حماس کی سب سے بااثر آواز سمجھے جاتے تھے۔ وہ اکثر نقاب میں نظر آتے اور ان کی شناخت طویل عرصے تک خفیہ رہی۔

ابو عبیدہ کے بیانات جنگ کی صورتحال، اسرائیلی کارروائیوں، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے جاری ہوتے رہے، اور فلسطینی عوام و عالمی میڈیا میں انہیں غیر معمولی اہمیت حاصل تھی۔

آخری خطاب

ابو عبیدہ کا آخری بیان ستمبر 2025 کے اوائل میں سامنے آیا، جب اسرائیل نے غزہ سٹی پر نئی فوجی کارروائیاں شروع کیں اور علاقے کو جنگی زون قرار دیا، جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کی وسیع پیمانے پر نقل مکانی ہوئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل حماس کے دیگر اہم رہنما اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار اور محمد ضیف بھی اسرائیلی کارروائیوں میں شہید ہو چکے ہیں۔

القسام بریگیڈز کی جانب سے جاری بیان میں شہداء کی قربانی کو فلسطین کی آزادی کی جدوجہد میں اہم اور تاریخی قرار دیا گیا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے