متحدہ عرب امارات میں کم از کم تنخواہ 6,000 درہم ہوگی، حکومت نے نئی حد مقررکردی
متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے میں کام کرنے والے اماراتی شہریوں کے لیے کم از کم تنخواہ میں اضافہ کرتے ہوئے نئی حد مقرر کر دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق یکم جنوری 2026 سے نجی شعبے میں اماراتیوں کی کم از کم تنخواہ 6,000 درہم ہوگی۔
یہ اعلان وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن (MOHRE) کی جانب سے کیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق کم از کم تنخواہ کا یہ ضابطہ شہری ورک پرمٹس کے اجرا، تجدید یا ترمیم پر بھی لاگو ہوگا۔
وزارت نے وضاحت کی ہے کہ یہ فیصلہ صرف دو سالہ ورک پرمٹس پر نافذ ہوگا، خواہ وہ نئے جاری کیے جائیں یا موجودہ پرمٹس کی تجدید یا ترمیم کی جائے۔ یکم جنوری 2026 کے بعد کوئی بھی آجر ایسے شہری ورک پرمٹ کے لیے درخواست نہیں دے سکے گا جس میں درج شدہ تنخواہ 6,000 درہم سے کم ہو۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی آجر نے 30 جون 2026 تک تنخواہوں کو مقررہ حد کے مطابق درست نہ کیا تو یکم جولائی 2026 سے تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان اقدامات میں ایسی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنا بھی شامل ہوگا جو اماراتی ملازمین کو مقررہ کم از کم تنخواہ سے کم ادائیگی کریں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یکم جنوری 2025 سے اماراتیوں کے لیے کم از کم تنخواہ 5,000 درہم مقرر کی گئی تھی۔ نئی پالیسی کے تحت تنخواہ میں اضافے کا مقصد نجی شعبے میں اماراتی شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور معیاری اجرت کو یقینی بنانا ہے۔