رومانیہ کا یوکرین کے لیے 50 ملین یورو کے ہتھیار خریدنے کا اعلان
بخارست – رومانیہ نے یوکرین کی فوجی مدد کے لیے ہتھیاروں کی خریداری کی مد میں 50 ملین یورو مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق رومانیہ کی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ یہ رقم Prioritized Ukraine Requirements List (PURL) کے تحت فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے یورپی نیٹو ممالک امریکی ذخائر سے ہتھیار خرید کر یوکرین کو براہِ راست اور مؤثر فوجی معاونت فراہم کریں گے۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رومانیہ کی حکومت نے پی یو آر ایل پروگرام میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس مقصد کے لیے 50 ملین یورو مختص کیے جا رہے ہیں۔ بیان کے مطابق یہ پروگرام رومانیہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے لیے ایک اہم آلہ ہے، بالخصوص اس تناظر میں کہ امریکی انتظامیہ اتحادی ممالک کے درمیان دفاعی ذمہ داریوں کی منصفانہ تقسیم پر زور دے رہی ہے۔
پی یو آر ایل پروگرام کا آغاز 14 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک رُٹے نے کیا تھا۔ اس نظام نے یوکرین کو امریکی ہتھیار مفت یا کریڈٹ پر فراہم کرنے کے سابقہ طریقہ کار کی جگہ لے لی ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت یورپی نیٹو ممالک اور کینیڈا، نیٹو کے فریم ورک کے ذریعے، یوکرین کی ضروریات کے مطابق امریکی ساختہ ہتھیار خرید سکتے ہیں، جس کا مقصد کیف کو مسلسل اور منظم فوجی معاونت فراہم کرنا ہے۔