بنگلادیش کی سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیاء کی نمازِ جنازہ ادا، قومی اعزاز کے ساتھ تدفین

0

ڈھاکہ — بنگلادیش کی سابق وزیرِاعظم اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیاء کی نمازِ جنازہ ڈھاکہ میں ادا کر دی گئی، جس میں ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات اور ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ میں عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس، بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداران شریک ہوئے۔ پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی، جبکہ مالدیپ، بھوٹان، نیپال اور سری لنکا کے اعلیٰ سطحی وفود بھی تعزیت کے لیے ڈھاکہ پہنچے۔

مرحومہ کو قومی اعزاز کے ساتھ ان کے شوہر، سابق صدر ضیاء الرحمان کے پہلو میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ خالدہ ضیاء کے انتقال پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ آج بنگلادیش میں عام تعطیل ہے۔

واضح رہے کہ خالدہ ضیاء جگر کے عارضے سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے ڈھاکہ کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔ وہ گزشتہ روز انتقال کر گئیں۔

خالدہ ضیاء بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیرِاعظم تھیں، جبکہ انہیں مسلم دنیا میں بینظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیرِاعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ انہوں نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک بطور وزیرِاعظم خدمات انجام دیں۔

ان کے انتقال کو بنگلادیش کی سیاست میں ایک عہد کے خاتمے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے انہیں ایک مضبوط اور بااثر رہنما قرار دیا جا رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.