ممبئی – بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہدایت کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئندہ آئی پی ایل سیزن کے لیے اپنے اسکواڈ سے ریلیز کرنے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
فرنچائز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی کی ہدایات کے بعد مستفیض الرحمان کو ریلیز کرنے کا عمل باہمی مشاورت اور طے شدہ طریقہ کار کے تحت مکمل کیا گیا۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بورڈ نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے الگ کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ ان کے مطابق حالیہ دنوں میں خطے میں ہونے والی پیش رفت کے بعد یہ فیصلہ ناگزیر ہو گیا تھا۔
دیواجیت سائیکیا کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی نے فرنچائز کو واضح طور پر آگاہ کیا کہ وہ اپنے ایک غیر ملکی کھلاڑی مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل اسکواڈ سے ریلیز کرے۔
واضح رہے کہ مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل میں شامل کیے جانے پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اور معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ انتہا پسند حلقوں کی جانب سے ان پر سخت الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔
