پرو ہاکی لیگ: دوسرے مرحلے کے لیے قومی ٹیم کا کیمپ 5 جنوری سے شروع ہوگا
اسلام آباد – پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 5 جنوری سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے میں چار میچز آسٹریلیا میں کھیلے گی، جہاں قومی ٹیم 10 سے 14 فروری تک ہوبارٹ میں میزبان آسٹریلیا اور جرمنی کے خلاف میدان میں اترے گی۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) رانا مجاہد سے ملاقات کے دوران کیمپ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی کی منظوری کے بعد کیمپ میں طلب کیے جانے والے کھلاڑیوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کی ہدایت پر قومی ٹیم کا کیمپ اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں لگایا جائے گا، جہاں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس اور تکنیکی تیاری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پرو ہاکی لیگ کے پہلے مرحلے میں ارجنٹینا میں کھیلے گئے چاروں میچز میں پاکستان ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے دوسرے مرحلے کے لیے تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پرو ہاکی لیگ کے فوری بعد پاکستان ہاکی ٹیم یکم مارچ سے سات مارچ تک مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میں بھی شرکت کرے گی، جس کے لیے یہ کیمپ انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔