’’ڈنگروں کی طرح کھانا چھوڑ دیں‘‘— وسیم اکرم نے شدید تنقید کے بعد وضاحت اور معذرت کرلی

0

کراچی – پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کو سالِ نو کے موقع پر پاکستانی عوام کو دیے گئے مشورے میں استعمال کیے گئے الفاظ پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے وضاحت کے ساتھ معذرت کر لی ہے۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں وسیم اکرم نے پاکستانیوں کو غیر ضروری اور حد سے زیادہ کھانے سے اجتناب کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ڈنگروں کی طرح کھانا چھوڑ دیں‘‘، جس پر انہیں عوام کی جانب سے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا اور بعض حلقوں نے اسے توہین آمیز قرار دیا۔

تنقید کے بعد وسیم اکرم کی ایک اور ویڈیو منظرِ عام پر آئی، جس میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ان کے الفاظ سے دکھ پہنچا، وہ ان سے معذرت خواہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر باتوں کے الفاظ پر توجہ دیتے ہیں، اصل پیغام کو نظرانداز کر دیتے ہیں، حالانکہ ان کا مقصد صرف صحت کے حوالے سے آگاہی دینا تھا۔

وسیم اکرم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پیغام پر اب بھی قائم ہیں اور ان کا مقصد پاکستانی عوام کو غیر صحت مند طرزِ زندگی کے نقصانات سے آگاہ کرنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’سچ ہمیشہ کڑوا لگتا ہے‘‘ اور دعا کی کہ اللہ سب کو صحیح بات سمجھنے کی توفیق دے۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم نے اپنے ابتدائی بیان میں بے حساب اور غیر ضروری کھانے کے طبی نقصانات کی طرف توجہ دلائی تھی اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے پر زور دیا تھا، تاہم استعمال کیے گئے الفاظ نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.