ٹرمپ کے ہاتھ ہزاروں ایرانیوں کے خون سے رنگین ہیں مظاہرین کا ہمدرد قرار نہیں دیا جا سکتا: آیت اللہ خامنہ ای
تہران – ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کے ہاتھ ہزاروں ایرانیوں کے خون سے رنگین ہیں اور ایسے شخص کو ایرانی مظاہرین کا ہمدرد قرار نہیں دیا جا سکتا۔
قوم سے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ چند کم عقل اور ناتجربہ کار افراد امریکی صدر کے بیانات سے متاثر ہو جاتے ہیں، حالانکہ ٹرمپ کو پہلے اپنے ملک میں ہونے والے مظاہروں پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تہران اور دیگر شہروں میں ہونے والے جلاؤ گھیراؤ میں شرپسند عناصر ملوث ہیں جو ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ایران میں چند عناصر دانستہ طور پر بدامنی پھیلا رہے ہیں اور گزشتہ رات تہران سمیت بعض شہروں میں سرکاری و نجی املاک کو نذرِ آتش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پرتشدد مظاہرین اپنے ہی ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں جبکہ امریکی صدر ان عناصر کی حمایت کر رہے ہیں، اور شرپسند عناصر نے صدر ٹرمپ سے امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی نوجوانوں کو متحد قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم میں کسی بھی دشمن کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ ترک ایئرلائن نے تہران کے لیے پانچ پروازیں منسوخ کر دی ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں توڑ پھوڑ اور عمارتوں کو آگ لگانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ 13 روز سے جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران اب تک 34 مظاہرین اور 8 سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔