سیالکوٹ میں کمیونٹی کرکٹ کی بحالی اور جناح اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن ہماری اولین ترجیح ہے: حمزہ مجید
لاہور – پی ایس ایل فرنچائز سیالکوٹ کے مالک حمزہ مجید نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں کمیونٹی کرکٹ کو دوبارہ فعال بنانا ان کا بنیادی مشن ہے، جبکہ جناح اسٹیڈیم کی خستہ حالی نے انہیں دلی طور پر متاثر کیا، اسی لیے اس کی بحالی اور جدید خطوط پر اپ گریڈیشن ان کی اولین ترجیح ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ مجید کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں کرکٹ انفراسٹرکچر پر بھرپور سرمایہ کاری کی جائے گی تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ لوکل ٹیلنٹ کو پہلی ترجیح دی جائے گی اور سیالکوٹ ٹیم کا ہوم گراؤنڈ بھی سیالکوٹ ہی ہوگا تاکہ شہر کے شائقین کو اپنی ٹیم کو اپنے ہی میدان میں کھیلتا دیکھنے کا موقع مل سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں سے بھی رابطے جاری ہیں اور جلد ہی چند بڑے ناموں کا اعلان متوقع ہے۔ حمزہ مجید کا کہنا تھا کہ اگر درست منصوبہ بندی اور خلوص کے ساتھ محنت کی جائے تو راستے خود بخود بنتے چلے جاتے ہیں۔