ایران پر ممکنہ امریکی حملے سے متعلق بڑھتی ہوئی اطلاعات کے دوران ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ تہران پر کسی بھی قسم کے حملے کی صورت میں اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق قالیباف نے اتوار کو تصدیق کی کہ ایران ایسے اہداف کو “جائز” سمجھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔
قالیباف کا کہنا تھا کہ ان کے بقول دشمن ایران کے خلاف اندرونی طور پر دہشت گرد جنگ کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، تاہم انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ زرِ مبادلہ کی شرح کو قابو میں رکھنے اور شہریوں کی قوتِ خرید بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی پارلیمان میں ملک بھر میں جاری احتجاجی مظاہروں پر بحث کے لیے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس کے دوران ارکان نے “امریکا مردہ باد” کے نعرے بھی لگائے۔ اسی پس منظر میں اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ ممکنہ امریکی مداخلت کے خدشے کے باعث اسرائیل کو انتہائی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
