ایران کا امریکی اتحادیوں کو انتباہ، خطے میں امریکی اڈے ممکنہ ہدف قرار

0

ایران نے مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے اتحادی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ جس ملک کی سرزمین سے اس پر حملہ کیا گیا، وہاں موجود امریکی فوجی اڈے اس کے جوابی حملوں کا ہدف ہوں گے۔ یہ انتباہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران نے ترکیہ، قطر اور متحدہ عرب امارات کو پیغام دیا ہے کہ وہ امریکہ کو ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی سے روکنے کی کوشش کریں، کیونکہ اگر ان کی سرزمین ایران پر حملے کے لیے استعمال ہوئی تو وہاں موجود امریکی اڈے نشانہ بنائے جائیں گے۔

ایرانی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل مجید موسوی نے کہا ہے کہ ایران کے پاس موجود میزائلوں کا ذخیرہ گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ ہے اور ملک کسی بھی ممکنہ حملے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب صورتحال کے پیش نظر امریکہ نے قطر میں قائم العدید ایئر بیس سے غیر ضروری عملے کو بدھ کی شام تک اڈہ چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ العدید مشرق وسطیٰ میں امریکہ کا سب سے بڑا فوجی اڈہ سمجھا جاتا ہے جہاں تقریباً 10 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.