’ریئل پوپائے‘ کے نام سے مشہور برازیل کے وائرل باڈی بلڈر آریلینڈو ڈی سوزا انتقال کر گئے

0

ریو ڈی جنیرو — دنیا بھر میں ’ریئل پوپائے‘ کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے برازیل کے وائرل باڈی بلڈر آریلینڈو ڈی سوزا 55 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریلینڈو ڈی سوزا برازیل کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ گردوں کی شدید خرابی میں مبتلا تھے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت کی بنیادی وجہ متعدد اعضا کی ناکامی (ملٹی آرگن فیلئر) بنی۔

رپورٹس کے مطابق دسمبر 2025 کے آغاز میں ان کا ایک گردہ فیل ہو گیا تھا، جبکہ ماہ کے آخری ہفتے میں دوسرا گردہ بھی کام کرنا چھوڑ گیا تھا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کے پھیپھڑوں میں پانی بھر گیا تھا اور بعد ازاں انہیں دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد وہ ڈائیلاسس شروع ہونے سے قبل ہی جانبر نہ ہو سکے۔

آریلینڈو ڈی سوزا دنیا بھر میں اس وقت مشہور ہوئے جب ان کی غیر معمولی حد تک بڑی بائیسیپس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ انہی منفرد بازوؤں کی وجہ سے انہیں ’ریئل پوپائے‘ کا لقب دیا گیا تھا۔

انہوں نے کم عمری میں ہی باڈی بلڈنگ کا آغاز کیا اور بعد ازاں برازیل کے مختلف ٹی وی شوز میں شرکت کے ذریعے شہرت حاصل کی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آریلینڈو ڈی سوزا نے اپنے بازوؤں کو غیر معمولی حد تک بڑا دکھانے کے لیے خطرناک کیمیکل انجیکشنز کا استعمال بھی کیا تھا۔ طبی ماہرین نے انہیں متعدد بار ان انجیکشنز کے سنگین اثرات سے خبردار کیا، تاہم انہوں نے ان انتباہات کو نظرانداز کیا۔

طبی ماہرین کے مطابق ایسے انجیکشنز انسانی جسم میں گردوں، دل اور پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں، جو بالآخر جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔

آریلینڈو ڈی سوزا کے انتقال کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کئی فٹنس ماہرین نے اس واقعے کو نوجوانوں کے لیے ایک سنجیدہ انتباہ قرار دیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.