ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ: پاکستانی شوٹر کرنل فرخ ندیم کا گولڈ میڈل اور نیا ورلڈ ریکارڈ
ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ کے ٹریپ ایونٹ میں پاکستان کے شوٹر کرنل فرخ ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا اور نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ مقابلے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوئے۔
انفرادی ٹریپ ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کرنل فرخ ندیم نے 125 میں سے 119 کا اسکور حاصل کیا، جبکہ فائنل میں 30 میں سے 27 پوائنٹس بنا کر حریف شوٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کارکردگی کے نتیجے میں وہ گولڈ میڈل کے حقدار ٹھہرے۔
پاکستان شوٹنگ فیڈریشن کے مطابق ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ نئے فارمیٹ کے تحت منعقد کی جا رہی ہے، جس کے باعث کرنل فرخ ندیم کا یہ اسکور باقاعدہ طور پر نیا ورلڈ ریکارڈ تسلیم کیا گیا ہے۔
اس تاریخی کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں اور شائقین کی جانب سے کرنل فرخ ندیم کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ اسے پاکستان شوٹنگ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔