جدہ میں جاری ڈبل وکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تیسری فتح حاصل کر لی۔ یو اے ای اور سری لنکا کے بعد قومی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو بھی شکست دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔
میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ چار اوورز میں 56 رنز اسکور کیے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شعیب ملک نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 34 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ عمران نذیر نے 16 رنز بنا کر اسکور کو مستحکم کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی جوڑی عرفان پٹھان اور اسٹورٹ بنی مقررہ چار اوورز میں 51 رنز ہی بنا سکی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے 5 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
میچ کے اختتام پر کھیل کا خوشگوار منظر بھی دیکھنے میں آیا، جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور گلے ملے، جسے شائقین کرکٹ کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
ڈبل وکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی مسلسل فتوحات نے ٹیم کے حوصلے بلند کر دیے ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کی کارکردگی کو خوب سراہ رہے ہیں۔
