سعودی ولی عہد اور ایرانی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، ایران کے خلاف جارحیت مسترد
ریاض – سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت یا اشتعال انگیزی کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ مملکت خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کی حامی ہے اور کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرتی ہے جو مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کا باعث بنے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں بات چیت اور سفارتکاری ہی کشیدگی کم کرنے کا واحد راستہ ہے۔