پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج، پہلا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

0

لاہور – ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا پہلا مقابلہ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

آسٹریلوی ٹیم بدھ کی صبح لاہور پہنچی، جہاں دونوں ٹیموں کے کپتانوں سلمان علی آغا اور مچل مارش نے سیریز کی چمچماتی ٹرافی کی رونمائی کی۔

اس موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اپنے کردار سے بخوبی آگاہ ہیں اور میچ کی صورتحال کے مطابق کھیلنا کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچز کو سری لنکا جیسی کنڈیشنز کے قریب رکھنے کی کوشش کی گئی ہے، اگر کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو سیریز جیتنا ممکن ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ایک معیاری اور خطرناک بولر ہیں جو ان کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں۔

مچل مارش کا کہنا تھا کہ سیریز دلچسپ ہونے کی توقع ہے، جبکہ اپنے کھیلنے کے حوالے سے وہ آج رات یا کل حتمی فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا نے مکمل منصوبہ بندی کر رکھی ہے، خاص طور پر اسپن بولنگ کے خلاف جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی جائے گی۔ کنڈیشنز چیلنجنگ ہوں گی تاہم ٹیم کے پاس ورلڈ کپ اسکواڈ کے زیادہ تر کھلاڑی دستیاب ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہ سیریز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے اہم تصور کی جا رہی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.