نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے شہزاد رائے کے تعلیم کے عالمی دن پر جاری نئے نغمے کی تعریف کر دی

0

لاہور – پاکستان کی معروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے کے تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر ریلیز کیے گئے نئے گانے کو سراہتے ہوئے اسے بچوں کے مسائل کی مؤثر عکاسی قرار دیا ہے۔

عشرت فاطمہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شہزاد رائے کے نئے نغمے کا ٹریلر شیئر کیا اور اپنی پوسٹ میں لکھا کہ شہزاد رائے ایک ایسے فنکار اور سماجی کارکن ہیں جن کی جدوجہد کا محور بچوں کی تعلیم اور ان کا مستقبل ہے۔

انہوں نے لکھا کہ تعلیم کے عالمی دن پر جاری کیا گیا یہ نغمہ ایک نہایت اہم سماجی مسئلے کی جانب توجہ دلاتا ہے، جس نے بچوں سے ان کا بچپن چھین لیا ہے اور کم عمری میں ہی ان کی معصومیت ختم ہو رہی ہے۔

عشرت فاطمہ نے اپنی پوسٹ میں ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ “جب میرا بیٹا محض سوا دو سال کا تھا تو اسے اسکول میں داخل کرانے کے لیے میں اسے ڈائپر لگا کر بھیجتی تھی۔ اس عمر میں تربیت سے زیادہ ضروری یہ تھا کہ وہ رنگوں، جسم کے اعضا، ہندسوں اور لفظوں کی پہچان سیکھے، صرف اس لیے کہ اسکول میں داخلہ ممکن ہو سکے۔”انہوں نے مزید لکھا کہ آج کے بچوں پر کم عمری میں ہی بھاری بستوں کا بوجھ، دیر رات تک ہوم ورک، پریزینٹیشنز، پروجیکٹس اور مسلسل مقابلے کا دباؤ ڈال دیا جاتا ہے۔

نیوز کاسٹر کے مطابق“نہ کھیل کے میدانوں سے شناسائی رہی، نہ گلی محلوں میں بچوں کی رسائی۔ ذہن کتابوں، اساتذہ، امتحانات اور نتائج کے دباؤ تلے دبے ہوئے ہیں۔ زندگی گویا لڑکپن سے شروع ہوتی ہے، جبکہ بچپن تو کہیں نظر ہی نہیں آتا۔”

انہوں نے والدین اور تعلیمی نظام سے اپیل کی کہ “خدارا یہ حسین وقت بچوں کا حق ہے، انہیں جینے دیں۔ بچوں کو مقابلے کی دوڑ میں جھونکنے کے بجائے ایسی تعلیم دیں جو ڈگری کے حصول کے لیے نہیں بلکہ فہم اور شعور کے لیے ہو۔”

آخر میں عشرت فاطمہ نے اس اہم مسئلے کو فن کے ذریعے اجاگر کرنے پر شہزاد رائے کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے ایک نہایت بامقصد اور قابلِ تحسین کام کیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.