بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) کے افواج پاکستان کے خلاف لانچ کیے گئے آپریشن ہیروف 2 کو تہس نہس کر دیا ہے، مختلف مقامات پر حملوں کو ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 50 سے زیادہ فتنہ الہندوستان دہشتگردوں کو ہلاک کردیاہے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے آپریشن ہیروف 2 اور مربوط حملوں کو ناکام بنا دیا گیا، جبکہ مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر مکمل طور پر کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے کوئٹہ، نوشکی، دالبندین، قلات، گوادر، پسنی، تربت اور دیگر علاقوں میں بیک وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پولیس، فرنٹیئر کور اور دیگر سکیورٹی اداروں کے بروقت اور مؤثر ردعمل کے باعث بڑے نقصانات سے بچاؤ ممکن ہوا اور حملہ آور تمام دہشتگردوں کوہلاک کر دیا گیا ہے۔
