ٹرمپ کو نوبل امن انعام نہ دلوانے کے بیان پر امریکا نے پولینڈ کی پارلیمنٹ سے تعلقات محدود کر دیے
وارسا — امریکا نے 2026 کے نوبل امن انعام کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت نہ کرنے سے متعلق بیان پر پولینڈ کی پارلیمنٹ اور اس کے اسپیکر سے تعلقات محدود کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق پولینڈ میں امریکی سفیر ٹام روز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پولینڈ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ولودژیمیئرز کزار زیسٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں اشتعال انگیز اور توہین آمیز خیالات کا اظہار کر کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک کے ساتھ امریکی تعلقات میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا کسی کو صدر ٹرمپ کی توہین کی اجازت نہیں دے سکتا، کیونکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پولینڈ اور اس کے عوام کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین نواز حکومت کے پارلیمانی اسپیکر کا یورپ کے ایک اہم ترین اتحادی کے بارے میں اختیار کیا گیا لہجہ صدر ٹرمپ کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔
ٹام روز نے واضح کیا کہ امریکا پولینڈ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ساتھ مزید کسی قسم کا رابطہ نہیں رکھے گا اور اس عدم رابطے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
دوسری جانب پولش پارلیمنٹ کے اسپیکر ولودژیمیئرز کزار زیسٹی نے بھی ایکس پر ردِعمل دیتے ہوئے امریکی سفیر کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا، تاہم کہا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہیں۔
واضح رہے کہ پولش اسپیکر نے امریکی کانگریس کے اسپیکر اور اسرائیلی کنیسٹ کے اسپیکر کی جانب سے صدر ٹرمپ کو 2026 کے نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی کوششوں کی حمایت سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک صدر ٹرمپ عالمی سطح پر صورتحال کو مزید خراب کر رہے ہیں، اداروں کو کمزور کر رہے ہیں اور طاقت کے استعمال کی پالیسی کو فروغ دے رہے ہیں، اس لیے وہ انہیں امن کے نوبل انعام کا اہل نہیں سمجھتے۔