بسنت پنجاب کی قدیم ثقافت اور خوشیوں کی علامت ہے، میگھا
لاہور — معروف اداکارہ و گلوکارہ میگھا نے کہا ہے کہ بسنت پنجاب کی قدیم ثقافت، رنگوں اور خوشیوں کی خوبصورت علامت ہے، جو لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور زندگی میں خوشگوار لمحات پیدا کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میگھا نے کہا کہ بسنت صرف پتنگ بازی تک محدود تہوار نہیں بلکہ یہ ایک مکمل ثقافتی جشن ہے، جس میں روایات، موسیقی، خاندانی میل جول اور اجتماعی خوشی شامل ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں بسنت کے دنوں میں ایک منفرد جوش و خروش دیکھنے کو ملتا ہے، جو اس تہوار کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔ بسنت کے موقع پر شہر کی فضا رنگ برنگی پتنگوں، زرد لباس اور روایتی پکوانوں سے مزید حسین ہو جاتی ہے۔
اداکارہ میگھا نے زور دیا کہ بسنت مناتے وقت انسانی جانوں کا تحفظ سب سے اہم ہے، اس لیے پتنگ بازی کے دوران قانون اور حفاظتی ضابطوں پر مکمل عمل درآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ڈور اور خطرناک سرگرمیوں سے اجتناب کر کے ہی اس تہوار کو محفوظ اور خوشگوار بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پنجاب حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بسنت کے دوران کیے گئے سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر اجتماعی ذمہ داری کے تحت تعاون کیا جائے تو بسنت ایک بار پھر مثبت اور خوشیوں بھرا تہوار بن سکتی ہے۔
میگھا نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بسنت کو ذمہ داری اور شعور کے ساتھ منائیں، قانون کی پاسداری کریں اور اس تہوار کی اصل روح، یعنی محبت، خوشی اور ثقافتی ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بسنت پاکستان کی ثقافتی پہچان ہے، جسے محفوظ انداز میں منا کر دنیا کے سامنے مثبت طور پر اجاگر کیا جانا چاہیے۔