معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کی نمازِ جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت
لیبیا — سابق رہنما معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کی نمازِ جنازہ بصرہ ضلع کے قصبہ بنی ولید میں ادا کر دی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
عالمی میڈیا کے مطابق سیف الاسلام کو منگل کے روز قتل کر دیا گیا تھا، اور ان کی تدفین سے قبل نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ بنی ولید قذافی خاندان کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے، اور جنازے میں شریک افراد نے مرحوم کے حق میں نعرے لگائے اور ان کے لیے دعائیں بھی کیں۔
رپورٹس کے مطابق سیف الاسلام قذافی لیبیا کی سیاست میں اپنے والد معمر قذافی کے سب سے نمایاں اور بااثر بیٹے کے طور پر جانے جاتے تھے، اور انہیں طویل عرصے تک اپنے والد کا ممکنہ جانشین بھی سمجھا جاتا رہا۔
عرب میڈیا کے مطابق سیف الاسلام قذافی کے قتل کے الزام میں چار افراد ملوث پائے گئے، جنہوں نے انہیں ایک باغ میں گولی مار کر ہلاک کیا اور بعد ازاں فرار ہو گئے۔
لیبیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی لانا نے ان کے مشیر عبداللّٰہ عثمان کے حوالے سے ان کی موت کی تصدیق کی ہے، جبکہ مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیف الاسلام کی پھانسی کے بعد بھی ان کی سیاسی اور عوامی شناخت برقرار رہی تھی، جو ان کے جنازے میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت سے ظاہر ہوتی ہے۔