کوئٹہ میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن، 180 سے زائد مشتبہ افراد گرفتار
کوئٹہ شہر میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد پولیس کا مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن اور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 180 سے زائد مشتبہ افراد کو لوٹ مار اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں سے 100 سے زائد موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں جو حملوں کے دوران چوری کی گئی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق کئی ملزمان وارداتوں کے دوران چھینا گیا سامان مختلف مقامات پر لاوارث حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ تحقیقات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے متاثرہ علاقوں میں جیو فینسنگ کی جا رہی ہے جبکہ سیف سٹی کیمروں اور اطراف کی عمارتوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔
گرفتار افراد کی شناخت کیلئے نادرا سے بھی معاونت لی جا رہی ہے۔ پولیس کا بتانا ہے کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔ اسی دوران ہزارگنجی مری کیمپ کے قریب دو مشکوک گاڑیاں بھی ملی ہیں جنہیں تحویل میں لے کر فرانزک جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ گاڑیاں دہشت گرد عناصر کے استعمال میں رہی ہوں۔ حکام کا کہنا ہے کہ لوٹ مار میں ملوث عناصر کے خلاف انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی جبکہ دہشت گردی کے حملوں میں ملوث گروہوں کے خلاف سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔