سوڈان: آر ایس ایف کے ڈرون حملے میں 8 بچوں سمیت 24 افراد جاں بحق
خرطوم — سوڈان میں نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے ڈرون حملے کے نتیجے میں آٹھ بچوں سمیت کم از کم 24 افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ بات سوڈان کے ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے بتائی ہے۔ حملہ وسطی سوڈان میں بے گھر خاندانوں کو لے جانے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔
سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک کے مطابق یہ واقعہ شمالی کوردوفان صوبے کے شہر رہد کے قریب پیش آیا۔ متاثرہ گاڑی اُن بے گھر افراد کو لے جا رہی تھی جو ڈوبیکر کے علاقے میں جاری جھڑپوں سے جان بچا کر فرار ہوئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو شیر خوار بچوں سمیت آٹھ بچے شامل ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے رہد منتقل کیا گیا، تاہم کوردوفان کے بیشتر علاقوں کی طرح وہاں بھی طبی سہولیات اور سامان کی شدید قلت ہے۔
ڈاکٹروں کے گروپ نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں اور ان سنگین خلاف ورزیوں پر آر ایس ایف کی قیادت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
واضح رہے کہ یہ حملہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے امدادی قافلے کو نشانہ بنائے جانے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ آر ایس ایف کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ سوڈان میں آر ایس ایف اور سوڈانی فوج کے درمیان ملک کے کنٹرول کے لیے تقریباً تین برس سے جنگ جاری ہے۔