نائیجیریا کی ابھرتی ہوئی گلوکارہ افنانیا نوانگین سانپ کے ڈسنے سے انتقال کر گئیں
ابوجا — نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں ابھرتی ہوئی گلوکارہ افنانیا نوانگین سانپ کے ڈسنے سے انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر 26 برس تھی۔ وہ موسیقی کے ریئلٹی شو ’دی وائس نائیجیریا‘ میں ریحانا کے مشہور گانے ‘ٹیک اے بو’ کی شاندار پرفارمنس کے بعد خاصی مقبول ہو گئی تھیں۔
امیموسو کوائر کے سربراہ سیم ایزوگوو کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا، جب نوانگین اپنے گھر میں سو رہی تھیں کہ ایک کوبرا سانپ نے ان کی کلائی پر ڈس لیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں سانپ پکڑنے والے افراد کو ان کے اپارٹمنٹ سے درمیانے سائز کے دو سانپ نکالتے دیکھا جا سکتا ہے۔
گلوکارہ کے قریبی دوست پاسکل نوورگو نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انہیں قریبی کلینک لے جایا گیا، تاہم وہاں اینٹی وینم دستیاب نہیں تھا۔ بعد ازاں انہیں فیڈرل میڈیکل سینٹر جابی منتقل کیا گیا، مگر اسپتال پہنچنے تک ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہو چکی تھی۔ نوورگو کے مطابق نوانگین سانس لینے میں شدید دشواری کا شکار تھیں اور صرف اشاروں کے ذریعے بات کر پا رہی تھیں۔
سیم ایزوگوو کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ایک اینٹی وینم تو دیا گیا، تاہم مزید درکار دوا دستیاب نہ ہونے کے باعث بروقت علاج ممکن نہ ہو سکا۔ دوسری جانب اسپتال انتظامیہ نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضہ کو فوری اور مکمل طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم وہ شدید اعصابی پیچیدگیوں کا شکار تھیں اور انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کیے جانے سے قبل ہی ان کی حالت بگڑ گئی۔
افنانیا نوانگین کے انتقال پر نائیجیریا کی موسیقی برادری اور مداحوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔