ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان آج امریکا کے خلاف میدان میں اترے گا
کولمبو – آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم گروپ مرحلے کا اپنا دوسرا میچ آج امریکا کے خلاف کھیلے گی۔ دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 30 منٹ پر کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی۔
میچ سے قبل قومی ٹیم نے کولمبو میں پریکٹس سیشن کیا، جس میں کوچنگ اسٹاف نے گزشتہ میچ کی خامیوں کو دور کرنے اور حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے پر توجہ دی۔
واضح رہے کہ گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا، جبکہ بھارت نے امریکا کو 29 رنز سے ہرایا تھا۔
ورلڈ کپ کے دیگر مقابلوں میں آج نیدرلینڈز اور نمیبیا کے درمیان بھی میچ کھیلا جائے گا، جبکہ نیوزی لینڈ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں بھی ایک دوسرے کے مدِمقابل ہوں گی۔