پشاور زلمی نے پی ایس ایل سیزن 11 کے لیے اوٹس گبسن کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا، اظہر محمود اسسٹنٹ و بولنگ کوچ نامزد
لاہور – پشاور زلمی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے اپنے کوچنگ اسٹاف کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اوٹس گبسن کو ٹیم کا ہیڈ کوچ جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود کو اسسٹنٹ اور بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
اس موقع پر پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ اوٹس گبسن کا وسیع بین الاقوامی تجربہ ٹیم کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ گبسن کی قیادت اور کوچنگ صلاحیتیں پشاور زلمی کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ہوں گی۔
اوٹس گبسن اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کی قومی ٹیموں کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ یارکشائر، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل)، دی ہنڈرڈ اور دیگر معروف بین الاقوامی لیگز میں بھی کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اور تجربہ کار کوچ اظہر محمود کو پشاور زلمی کا اسسٹنٹ اور بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ اس تقرری پر جاوید آفریدی نے کہا کہ اظہر محمود کا بین الاقوامی اور مقامی سطح پر وسیع تجربہ انہیں کوچنگ اسٹاف کے لیے بہترین انتخاب بناتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اظہر محمود کی مہارت اور تجربہ نہ صرف بولرز کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کرے گا بلکہ پی ایس ایل سیزن 11 میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔
پشاور زلمی کی جانب سے یہ تقرریاں اس عزم کا اظہار ہیں کہ فرنچائز آئندہ سیزن کے لیے عالمی معیار کا کوچنگ سیٹ اپ اور مضبوط، متوازن اسکواڈ تشکیل دے کر میدان میں اترنے کے لیے پرعزم ہے۔