چین اور کینیڈا کی شراکت داری کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں، بیجنگ کا مؤقف
بیجنگ — چین نے کہا ہے کہ چین اور کینیڈا کے درمیان قائم کی جانے والی نئی اسٹریٹجک شراکت داری کسی تیسرے فریق کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ باہمی مفاد اور عالمی استحکام کے فروغ کے اصولوں پر مبنی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے ایک پریس بریفنگ کے دوران اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری برابری، کھلے پن، شمولیت اور پُرامن تعاون کے جذبے کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور کینیڈا کے تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کا مقصد دوطرفہ تعاون کو وسعت دینا اور مشترکہ مفادات کو فروغ دینا ہے، نہ کہ کسی دوسرے ملک کے خلاف بلاک سیاست کو تقویت دینا۔
لین جیان کے مطابق یہ شراکت داری دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کے مطابق ہے اور عالمی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق چین کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر جغرافیائی سیاسی صف بندیوں اور اتحادوں کے حوالے سے حساسیت بڑھ رہی ہے۔ بیجنگ کی جانب سے "تیسرے فریق کو ہدف نہ بنانے” کی وضاحت کو بین الاقوامی سفارتی توازن برقرار رکھنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔