میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس: فرانجو فان آلمن نے الپائن سکیئنگ میں تاریخی تیسرا طلائی تمغہ جیتا، فرانسیسی جوڑے نے آئس ڈانسنگ میں کامیابی حاصل کی

0

میلان، سوئٹزرلینڈ: میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس کے دوران سوئٹزرلینڈ کے نوجوان سکیئر فرانجو فان آلمن نے الپائن سکیئنگ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ 24 سالہ فان آلمن نے اطالوی مقام بورمیو کی برف پوش ڈھلوانوں پر سپر جی مقابلے میں سنسنی خیز انداز میں طلائی تمغہ جیتا، جس کے ساتھ انہوں نے اپنے پہلے اولمپکس میں یہ تیسرا طلائی تمغہ حاصل کر لیا۔

اس سے قبل فان آلمن نے ڈاؤن ہِل اور ٹیم کمبائنڈ ایونٹس میں بھی سونے کے تمغے جیتے تھے، اور وہ مردوں کی الپائن سکیئنگ میں ایک ہی اولمپکس میں تین طلائی تمغے جیتنے والے چند عظیم کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے۔ اس کارنامے سے قبل آسٹریا کے ٹونی سیلر (1956) اور فرانس کے ژاں کلاڈ کیلی (1968) نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا، جبکہ خواتین میں یہ ریکارڈ کروشیا کی یانیتسا کوستیلیچ (2002) کے پاس تھا۔ سپر جی مقابلے میں فان آلمن نے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ریس مکمل کی۔ فان آلمن نے اپنی کامیابی پر کہا کہ، "مجھے ابھی تک یقین نہیں آ رہا۔ یہ میرے پہلے اولمپک کھیل ہیں اور سب کچھ بالکل صحیح وقت پر جڑ گیا، قسمت بھی میرے ساتھ رہی۔”

دوسری جانب آئس ڈانسنگ میں فرانسیسی جوڑے گیوم سیزرون اور لارنس فورنیئر بیودری نے بہترین ہم آہنگی اور فنکارانہ مہارت کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ ان کی کارکردگی کو شائقین اور ماہرین نے بے حد سراہا اور اسے ایونٹ کی یادگار پیشکش قرار دیا جا رہا ہے۔

میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس 2026 کے یہ لمحات کھیلوں کی تاریخ میں اہم مقام رکھتے ہیں، جہاں نئے ستارے ابھر کر سامنے آ رہے ہیں اور پرانے ریکارڈ توڑے جا رہے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.