عہد ساز شاعر فیض احمد فیض کا یومِ پیدائش آج منایا جا رہا ہے

0

لاہور/سیالکوٹ – معروف ترقی پسند شاعر فیض احمد فیض کا یومِ پیدائش آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ وہ اپنی شاعری کے ذریعے ظلم، ناانصافی اور جبر کے خلاف جدوجہد کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔

فیض احمد فیض 13 فروری 1911 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے عربی اور انگریزی ادب میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں اور بعد ازاں مختلف تعلیمی اداروں میں تدریس کے فرائض انجام دیے۔ اردو اور پنجابی کے علاوہ انہیں انگریزی، عربی، فارسی اور روسی زبانوں پر بھی عبور حاصل تھا۔

1936 میں انہوں نے ترقی پسند تحریک میں شمولیت اختیار کی اور تحریک کے پہلے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ فیض نے نہ صرف شاعری میں بلکہ صحافت میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں اور کئی ادبی جرائد کی ادارت کے فرائض سرانجام دیے۔

ان کی شاعری مظلوم طبقات کی آواز اور انسانی وقار کے دفاع کی علامت ہے۔ اسی جرأتِ اظہار کے باعث انہیں مخالفتوں اور قید و بند کی صعوبتوں کا بھی سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے اپنے مؤقف سے کبھی دستبردار ہونے سے انکار کیا۔

فیض کی شاعری کے متعدد عالمی زبانوں میں تراجم ہوئے جبکہ معروف گلوکاروں نے ان کی غزلوں اور نظموں کو اپنی آواز کا حصہ بنایا، جس سے ان کا پیغام دنیا بھر میں پہنچا۔

انہیں روس کا لینن ایوارڈ سمیت کئی قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا۔ ان کے نمایاں شعری مجموعوں میں نقشِ فریادی، دستِ صبا، زنداں نامہ، دستِ تہہِ سنگ اور نسخہ ہائے وفا شامل ہیں۔

اردو ادب میں فیض احمد فیض کا مقام ہمیشہ بلند رہے گا اور ان کی شاعری ظلم کے خلاف مزاحمت اور امید کی علامت کے طور پر نسل در نسل زندہ رہے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.