ابرار الحق کی ڈونیشن ویڈیو پر تنازع، خاتون صحافی سے بحث کے بعد وضاحت
معروف گلوکار اور سماجی کارکن ابرار الحق ایک بار پھر کنسرٹ کے دوران ڈونیشن لینے کی وائرل ویڈیو کے باعث خبروں میں آ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی نئی ویڈیو میں وہ ایک خاتون صحافی سفینہ خان سے ڈونیشن کے معاملے پر بحث کرتے نظر آ رہے ہیں، جہاں وہ بار بار انہیں وائرل ویڈیو کے ذریعے شہرت حاصل کرنے کا طعنہ دیتے ہیں۔
سفینہ خان کا کہنا تھا کہ وہ مذکورہ کنسرٹ میں موجود نہیں تھیں اور ویڈیو خود گلوکار کی ٹیم کی جانب سے وائرل کی گئی، تاہم ابرار الحق اس مؤقف کو تسلیم کرنے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیے۔
گلوکار نے صحافی سمیت دیگر میڈیا نمائندگان کو ایک سیاسی جماعت کا حامی قرار دیتے ہوئے ڈونیشن کے معاملے پر وضاحت دی کہ انہوں نے اپنی ذاتی زمین پر ہسپتال قائم کیا ہے اور کنسرٹ میں ملنے والی رقم اسی مقصد کے لیے تھی۔ ان کے مطابق وہ اس وقت بینک میں رقم جمع کروانے کے قابل نہیں تھے، اس لیے عارضی طور پر پیسے جیب میں رکھے۔
یہ ویڈیو مختلف کیپشنز کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جہاں ان کے حامی انہیں فلاحی کاموں کے باعث سراہ رہے ہیں جبکہ ناقدین اسے انا کا مسئلہ قرار دے رہے ہیں۔
بعد ازاں سفینہ خان کی جانب سے ایک اور ویڈیو شیئر کی گئی جس میں دونوں کے درمیان غلط فہمی دور ہونے کے بعد خوشگوار ماحول میں گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔