ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کے لیے سپر ایٹ میں رسائی مشکل، آخری میچ فیصلہ کن
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں بھاری شکست کے بعد پاکستان کی سپر ایٹ مرحلے تک رسائی خطرے میں پڑ گئی ہے اور اب قومی ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے اپنا آخری گروپ میچ ہر صورت جیتنا ہوگا۔
گروپ اے کے اہم مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر نہ صرف خود سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا بلکہ پاکستانی ٹیم کی پوزیشن بھی کمزور کر دی۔ اس میچ کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بھارت نے مضبوط برتری حاصل کر لی ہے جبکہ پاکستان کو نیٹ رن ریٹ کی شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت کے خلاف بڑی شکست کے نتیجے میں پاکستان کا نیٹ رن ریٹ مثبت 0.932 سے گر کر منفی 0.403 ہو گیا، جس کے باعث قومی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر نیچے چلی گئی۔ دوسری جانب امریکا کرکٹ ٹیم نے چار میچوں میں دو کامیابیوں کے ساتھ چار پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں اور اس کا نیٹ رن ریٹ 0.788 ہے، جس کی وجہ سے وہ پاکستان سے آگے موجود ہے۔
پاکستان اپنا آخری گروپ میچ نمیبیا کرکٹ ٹیم کے خلاف 18 فروری کو کھیلے گا، جو قومی ٹیم کے لیے عملاً ناک آؤٹ مقابلہ بن چکا ہے۔ سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کے لیے پاکستان کو یہ میچ نہ صرف جیتنا ہوگا بلکہ بہتر رن ریٹ بھی درکار ہوگا تاکہ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنائی جا سکے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق پاکستان کی کوالیفیکیشن اب صرف اپنی کارکردگی پر ہی نہیں بلکہ دیگر میچوں کے نتائج اور رن ریٹ کے فرق پر بھی منحصر ہو سکتی ہے۔ اگر نمیبیا کے خلاف پاکستان کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تو قومی ٹیم سپر ایٹ کی دوڑ سے مکمل طور پر باہر ہو جائے گی۔
بھارت کے خلاف شکست نے پاکستانی بیٹنگ لائن کی کمزوریوں کو بے نقاب کیا ہے جبکہ باؤلنگ یونٹ بھی میچ میں دباؤ برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔ ٹیم مینجمنٹ کے لیے اب سب سے بڑا چیلنج نمیبیا کے خلاف میچ میں متوازن کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنا اور بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہوگا تاکہ نیٹ رن ریٹ میں بہتری لائی جا سکے۔
پاکستانی شائقین کی نظریں اب 18 فروری کے میچ پر مرکوز ہیں جو قومی ٹیم کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سفر کا فیصلہ کرے گا۔